Naat shareef

*🌱حمدِ باری تعالیٰ🌱*

یہ زمیں تیری آسماں تیرا
ہر حقیقت تری گماں تیرا

قول تیرے ہیں سب قرار ترے
کیوں زباں پر نہ ہو بیاں تیرا

بندہ تیرے سواکہاں جائے
وہ جہاں تیرا یہ جہاں تیرا

تو ہی منزل تو ہی نشاں اس کا
راستے تیرے کارواں تیرا

جس طرف بھی گیا تجھے پایا
یہ مکاں تیرا لا مکاں تیرا

تو ہی خالق ہے کائناتوں کا
ذرّے ذرّے میں ہے نشاں تیرا

چشمِ ظاہر پہ جو نہیں ظاہر
راز اس میں ہے کچھ نہاں تیرا

تیری بخشش یہ تیرا لُطف و کرم
مجھ سے بڑھ کر ہے امتحاں تیرا

موت اور زندگی کے بیچ شاہنواز
ساتھ چھوٹا نہ درمیاں تیرا

🖊🖊🖊🖊🖊🖊🖊

*🌱نعتِ نبیﷺ 🌱*

ہوئی جس کسی پہ عطائے محمدﷺ
وہی کر سکا ہے ثنائے محمدﷺ

خدا کی رضا تو ضروری ہے پہلے
مگر بعد اس کے رضائے محمدﷺ

زمیں آسماں چاند سورج ستارے
سبھی کچھ بنا ہے برائے محمدﷺ

خدا زندگی دینے والا ہے سب کو
ہنر بندگی کے سکھائے محمدﷺ

تھے طائف میں لوگوں کے ہاتھوں میں پتھر
مگر لب پہ رقصاں دعائے محمدﷺ

مدینے کی گلیوں میں اب تک بسی ہے
محبت بھری وہ صدائے محمدﷺ

کیا ہے ارادہ مدینے کا ہم نے
یقیناًملے گی رضائے محمدﷺ

غلامی میں آقاﷺ کی جو آگیا ہے
اُسی کے ہے سر پہ ردائے محمدﷺ

بڑی پاک و پُرنور محفل جمی ہے
اسے روح پرور بنائے محمدﷺ

شاہنواز  اور کچھ بھی تمنّا نہیں ہے
فقط چاہیے آسرائے مح. مدﷺ

Comments

Popular Posts